منگل، 14 جنوری، 2025
کیسا بھی ہو دور بدلتے دیکھا ہے (غزل ۔ شکیل حنیف)
مجھے بھی عاشق بناسکو گر تبھی تو اصلی کمال ہوگا (غزل ۔ شکیل حنیف)
مشکلوں کے درمیاں رہ کر بھی ہم دلشاد ہیں ( غزل ۔ شکیل حنیف)
ایک خود کو ہی وہ ذیشان سمجھ بیٹھے ہیں ( غزل ۔ شکیل حنیف )
انجان راستوں پہ بھی چلنا پڑا مجھے (غزل ۔ شکیل حنیف)
اتوار، 20 فروری، 2022
کسی بھی کام کی خاطر تلف آرام کردینا
کسی بھی کام کی خاطر تلف آرام کردینا
ہمیں آتا ہے جب کرنا تو پورا کام کردینا
ہماری قوم کے ہر شخص کی بچپن سے عادت ہے
لہو کے قطرے قطرے کو وطن کے نام کردینا
میں ووٹر ہوں نئے یگ کا بخوبی جانتا ہوں سب
کسے کرسی پہ رکھنا ہے کسے گمنام کردینا
ہمارے شہر کے لوگوں میں یہ خوبی نمایاں ہے
لگا کر خود کی سب محنت کسی کا نام کردینا
ذرا محنت کی عظمت کو پرندوں سے کوئی سیکھے
تلاشِ رزق کی خاطر سحر سے شام کردینا
یہ انسانی جبلت ہے کسی کو دوش کیا دینا
جسے اونچائی پر دیکھو اسے بدنام کردینا
شکیل احمد پہ ایسے بھی خدا کا فضل ہوتا ہے
غزل ہو یا کہ نظمیں ہوں قبولِ عام کردینا
(شکیل حنیف)
بحر ہزج مثمن سالم
(مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن)
جمعہ، 28 جنوری، 2022
اگر جو روٹھ جاتے تم تو سمجھانے کہاں جاتے ۔ غزل نمبر 10 ۔ عکس دل
اگر جو روٹھ جاتے تم تو سمجھانے کہاں جاتے
تمہاری بزم سے اٹھتے تو ہم جانے کہاں جاتے
تمہارے ساتھ دل خوش ہے تمہارے پاس بہلا ہے
اگر تم ساتھ نا ہوتے تو بہلانے کہاں جاتے
ستائش کی تمنا حسن کو مخمور رکھتی ہے
اگر ایسا نہیں ہوتا تو دیوانے کہاں جاتے
لۓ جو سیلفی سب فیس بک پر ڈال دیتے ہیں
اگر یہ سب نہیں ہوتا تو اترانے کہاں جاتے
بہت اچھا ہے کہ شمع سرِ محفل ہی جلتی ہے
وگر نہ دید کی خاطر یہ پروانے کہاں جاتے
شکیل اپنی جو شہرت ہے وہ اردو کی بدولت ہے
وگر نہ ہم زمانے بھر میں پہچانے کہاں جاتے
(شکیل حنیف)
بحر ہزج مثمن سالم
(مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن)
جمعہ، 21 جنوری، 2022
ہمیں آتیں نہیں ہمدم لب و رخسار کی باتیں ۔ عکس دل ۔ غزل نمبر 9
یہ بیماری کا عالم اور یہ مندی کی تکلیفیں
کریں کیوں ریشمی پازیب کی جھنکار کی باتیں
ہمیں اپنوں سے الفت ہے انہی میں مست رہتے ہیں
بھلا کیونکر کریں ہم اجنبی اغیار کی باتیں
ہمارے حوصلے کو اور بھی دوچند کرتی ہیں
بڑا ہی فائدہ دیتی ہیں یہ اشرار کی باتیں
یقینا وہ حسیں بھی آج کی محفل میں آیا ہے
سبھی جو کر رہے ہیں حسن کے دیدار کی باتیں
غزل کا حسن بھی ہے ساتھ ہی لوگوں کی چاہت بھی
کہاں ورنہ شکیل احمد کہاں یہ پیار کی باتیں
(شکیل حنیف)
بحر ہزج مثمن سالم
( مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن )
بدھ، 12 جنوری، 2022
اگر اپنا نہ ہو تو ہر خزینہ چھوڑ دیتے ہیں ۔ غزل نمبر 8
(عکس دل سے آٹھویں غزل)
اگر اپنا نہ ہو تو ہر خزینہ چھوڑ دیتے ہیں
زمیں ہو زر ہو یا کوئی حسینہ چھوڑ دیتے ہیں
ہم اک درویش ہیں صاحب ہمیں دولت سے کیا مطلب
ملے کتنی بھی قیمت کا دفینہ چھوڑ دیتے ہیں
کسی کی اصل صورت تو نظر آتی ہے غصے میں
کہ اس میں اچھے اچھے بھی قرینہ چھوڑ دیتے ہیں
برے حالات میں اچھے برے کا علم ہوتا ہے
لگے جب ڈوبنے چوہے سفینہ چھوڑ دیتے ہیں
یہ سچّائی کی طاقت ہے کہ جھوٹے سورما سارے
ہمارا نام سنتے ہی پسینہ چھوڑ دیتے ہیں
پہن کر خاص اک چشمہ شکیل اکثر ادب والے
اٹھا کر کانچ کے ٹکڑے نگینہ چھوڑ دیتے ہیں
(شکیل حنیف)
بحر ہزج مثمن سالم
(مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن)
جمعہ، 7 جنوری، 2022
جیسا جنون سرپھرے بلوائیوں میں تھا ۔ غزل نمبر 7
جیسا جنون سرپھرے بلوائیوں میں تھا
ویسا ہی صبر امن کے شیدائیوں میں تھا
جس کو میں ڈھونڈتا رہا ہر پل ادھر ادھر
وہ تو مرے وجود کی گہرائیوں میں تھا
بعدِ وصال دل سے یہ اٹھتی رہی صدا
کتنا سکون ہجر کی تنہائیوں میں تھا
جو لطف جو سکون ہے پیپل کی چھاؤں میں
ویسا مزہ نہ شہر کی رعنائیوں میں تھا
سورج بھی دیکھ کر اسے چپ چاپ ڈھل گیا
کچھ ایسا درد شام کی پرچھائیوں میں تھا
جس کی شکیل سب کو ہی ہوتی ہے آرزو
ویسا ہی پیار میرے سبھی بھائیوں میں تھا
(شکیل حنیف)
بحر مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
(مفعول فاعلات مفاعیل فاعلن)
جمعرات، 6 جنوری، 2022
ہمیں معلوم ہے ہمدم کہ الفت کس کو کہتے ہیں ۔ غزل نمبر 6
ہمیں معلوم ہے ہمدم کہ الفت کس کو کہتے ہیں
وفا کی پیار کی انمول دولت کس کو کہتے ہیں
نہ چھوڑا آخری سانسوں تلک محبوب کا دامن
کوئی دیکھے ذرا آکر محبت کس کو کہتے ہیں
ذرا دو پل ہمارے ساتھ بھی تم بیٹھ کر دیکھو
پتہ چل جائے گا سچی رفاقت کس کو کہتے ہیں
کسی کے ساتھ نکلو اور کچھ آگے نکل جاؤ
پتہ چل جائے گا تم کو عداوت کس کو کہتے ہیں
کسی نادار کے گھر بھی کبھی مہمان بن جاؤ
پتہ چل جائے گا تم کو سخاوت کس کو کہتے ہیں
نئے انداز کی نظمیں نئے انداز کی غزلیں
شکیل احمد سے تم پوچھو کہ ندرت کس کو کہتے ہیں
(شکیل حنیف)
بحر ہزج مثمن سالم
( مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن )
بدھ، 5 جنوری، 2022
طاری بڑا عجیب سا ہیجان کردیا ۔ غزل نمبر 5
طاری بڑا عجیب سا ہیجان کر دیا
خوفِ وبا نے دیس کو سنسان کر دیا
شیطان چاہتا تھا کہ ایمان لوٹ لے
مضبوط رب نے اور بھی ایقان کر دیا
جنگل سے ایک شیر کے جانے کی دیر تھی
کتوں نے سارے دشت کو ہلکان کر دیا
جس باغباں پہ ناز تھا ہر پھول کو بہت
اس نے ہی سارے باغ کو ویران کر دیا
اپنی زباں سے اس نے تو کچھ بھی نہیں کہا
اپنے ہنر سے سب کو ہی حیران کر دیا
تجھ پر شکیل رب کا یہ احسان ہی تو ہے
جو مشکلیں تھیں ان کو بھی آسان کر دیا
(شکیل حنیف)
مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
( مفعول فاعلات مفاعیل فاعلن )
منگل، 4 جنوری، 2022
یہ مانتے ہیں سیخ و کباب والے ہیں ۔ غزل نمر 4
یہ مانتے ہیں کہ سیخ و کباب والے ہیں
مگر ہم ان میں نہیں جو شراب والے ہیں
وہ ظلم کرکے بھی پہچان میں نہیں آتے
ہمارے سارے ستم گر نقاب والے ہیں
بزرگی آگئی لیکن جوان دکھتے ہیں
جو سر کے بال ہیں کالے خضاب والے ہیں
اگرچہ مندی ہے لیکن یہ بات بھی سچ ہے
ہمارے شوق تو سارے نواب والے ہیں
نبی کے صدقے میں جنت کا ہے یقیں ورنہ
ہمارے کام تو سارے عذاب والے ہیں
فدا جواں جو ہیں پروین تیرے شعروں پر
شکیل کے بھی تو شیدا حجاب والے ہیں
(شکیل حنیف)
بحر مجتث مثمن مخبون محذوف مسکن
( مفاعلن فعلاتن مفاعلن فعلن )
پیر، 3 جنوری، 2022
لافنا میں بھی نہیں تو بھی نہیں وہ بھی نہیں
لافنا میں بھی نہیں تو بھی نہیں وہ بھی نہیں
یاں سدا میں بھی نہیں تو بھی نہیں وہ بھی نہیں
ہم اگر انسان ہیں غلطی کا بھی امکان ہے
بے خطا میں بھی نہیں تو بھی نہیں وہ بھی نہیں
کب سبھی کچھ چھوڑ کر کس کو چلے جانا پڑے
جانتا میں بھی نہیں تو بھی نہیں وہ بھی نہیں
جس کو دیکھو دوسروں پر ہے فدا کیا کیجیے
بے وفا میں بھی نہیں تو بھی نہیں وہ بھی نہیں
پاک ہے دامن یہ دعوی کون ہے جو کر سکے
پارسا میں بھی نہیں تو بھی نہیں وہ بھی نہیں
سن شکیل احمد یہاں ہم سے بھی بہتر لوگ ہیں
انتہا میں بھی نہیں تو بھی نہیں وہ بھی نہیں
*(شکیل حنیف)*
بحر رمل مثمن محذوف
(فاعِلاتن فاعِلاتن فاعِلاتن فاعِلن)
اتوار، 2 جنوری، 2022
کیسا بھی ہو دور بدلتے دیکھا ہے
ہر ظالم کا جَور بدلتے دیکھا ہے
آقا کے پرنور قدم کی برکت سے
بختِ غارِ ثَور بدلتے دیکھا ہے
سایہ اپنے سر سے پدر کا اٹھتے ہی
لوگوں کو فی الفور بدلتے دیکھا ہے
مجھ سے بہتر علم تو تم سب کو ہوگا
کیا کیا تم نے اور بدلتے دیکھا ہے
دنیا موسم دور زمانہ جو بھی ہو
کرلو اس پرغور بدلتے دیکھا ہے
جن کی خاطر درد شکیل احمد جھیلے
ایسوں کا بھی طور بدلتے دیکھا ہے
(شکیل حنیف)
بحر متقارب مسدس مضاعف
(فعلن فعلن فعْل فعولن فعلن فع)
ہفتہ، 1 جنوری، 2022
مجھ کو جو سچی داد اے ہمدم کہیں ملی
مجھ کو جو سچی داد اے ہمدم کہیں ملی
اہلِ ادب کی بزم میں یعنی یہیں ملی
اک روز سب ہی چھوڑ کے جانا پڑا مجھے
دنیا بہت پسند تھی وہ بھی نہیں ملی
گرداں رہا زمین کے چکر میں روز و شب
آخر ملی تو مجھ کو بھی دوگز زمیں ملی
پلکیں جھپکنا بھول گیا سانس تھم گئی
کچھ اس ادا سے مجھ سے وہ زہرہ جبیں ملی
یادوں کو میری اس نے رکھا تھا سنبھال کر
چھوڑی تھی جو بھی چیز جہاں وہ وہیں ملی
جو کچھ کہا تھا میں نے وہی سب ہوا شکیل
ہر بات ہی قیاس سے بالکل قریں ملی
*(شکیل حنیف)*
بحر مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
(مفعول فاعلات مفاعیل فاعِلن)
جمعہ، 31 دسمبر، 2021
سال نو یہ تو بتا
چپکے چپکے سے دبے پاؤں چلا آیا ہے
سالِ نو یہ تو بتا ساتھ میں کیا لایا ہے
پھر فسادات کی خوں ریز کہانی ہے کیا
پھر وباؤں میں وہ پہلی سی روانی ہے کیا
پھر سے بازار میں مندی وہ پرانی ہے کیا
کیا تری شکل وہی اب بھی وہی کایا ہے
سالِ نو یہ تو بتا ساتھ میں کیا لایا ہے
چپکے چپکے سے دبے پاؤں چلا آیا ہے
سالِ نو یہ تو بتا ساتھ میں کیا لایا ہے
پھر غریبوں کو ستانے کا ارادہ ہے ترا
دردمندوں کو رلانے کا ارادہ ہے ترا
آندھیاں پھر سے چلانے کا ارادہ ہے ترا
کیا بتائے گا بھلا کس کو بتا پایا ہے
سالِ نو یہ تو بتا ساتھ میں کیا لایا ہے
چپکے چپکے سے دبے پاؤں چلا آیا ہے
سالِ نو یہ تو بتا ساتھ میں کیا لایا ہے
پھر بھری جھومتی گاتی ہوئی گلیاں لے آ
درد کانٹوں کے سہے دلنشیں کلیاں لے آ
تلخ خواروں کے لئے قند کی ڈلیاں لے آ
تجھ پہ قربان اس انداز سے گر آیا ہے
سالِ نو یہ تو بتا ساتھ میں کیا لایا ہے
چپکے چپکے سے دبے پاؤں چلا آیا ہے
سالِ نو یہ تو بتا ساتھ میں کیا لایا ہے
(شکیل حنیف)
*(شکیل حنیف)*
*بحر رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع*
(فاعِلاتن فَعِلاتن فَعِلاتن فِعْلن)