06 جنوری 2022

ہمیں معلوم ہے ہمدم کہ الفت کس کو کہتے ہیں ۔ غزل نمبر 6


 ہمیں معلوم ہے ہمدم کہ الفت کس کو کہتے ہیں

وفا کی پیار کی انمول دولت کس کو کہتے ہیں


نہ چھوڑا آخری سانسوں تلک محبوب کا دامن

کوئی دیکھے ذرا آکر محبت کس کو کہتے ہیں


ذرا دو پل ہمارے ساتھ بھی تم بیٹھ کر دیکھو

پتہ چل جائے گا سچی رفاقت کس کو کہتے ہیں


کسی کے ساتھ نکلو اور کچھ آگے نکل جاؤ

پتہ چل جائے گا تم کو عداوت کس کو کہتے ہیں


کسی نادار کے گھر بھی کبھی مہمان بن جاؤ

پتہ چل جائے گا تم کو سخاوت کس کو کہتے ہیں


نئے انداز کی نظمیں نئے انداز کی غزلیں

شکیل احمد سے تم پوچھو کہ ندرت کس کو کہتے ہیں


(شکیل حنیف)

بحر ہزج مثمن سالم

( مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن )

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں