1954 وہ سال تھا جس میں مالیگاؤں کی تاریخ کے سب سے مشہور و قدآور سیاسی لیڈر کے کیرئیر کا آغاز ہوا۔ جی ہاں میں بات کررہا ہوں حاجی حنیف صابر کے سیاسی استاد رہنما اور دیرینہ رفیق ساتھی نہال احمد کے پہلی بار کونسلر منتخب ہونے کی۔ اس وقت حاجی صاحب پرائمری میں زیرتعلیم تھے۔ آگے چل کر نوجوانی سے ہی آپ ساتھی نہال احمد کے سیاسی قافلے میں شامل ہوگئے۔ اس موقع پر حاجی صاحب کی ایک نمایاں خوبی کا ذکر کرنا چاہوں گا۔ وہ خوبی ہے وفاشعاری یعنی کسی کے ساتھ رہنا تو پھر کیسا بھی وقت ہو کبھی ساتھ نہیں چھوڑنا۔ نہال صاحب کے سیاسی سفر میں بہت سارے لوگ ان کے ہم رکاب ہوئے مگر جو افراد آخری وقت تک ان کے ساتھ رہے ان میں حاجی صاحب کا نام سرفہرست نظر آئے گا۔ آپ اچھے برے ہردور میں نہال صاحب کے ساتھ رہے۔ 1962 کے اسمبلی الیکشن سے شروع ہونے والا یہ ساتھ صاحب کے انتقال تک جاری رہا۔ اس کا تفصیلی ذکر اگلے ابواب میں آئے گا۔
*1954 کا مالیگاؤں*
مالیگاؤں کی آبادی 74 ہزار ہوچکی تھی۔ اس وقت کارپوریشن الیکشن چار سال پر ہوا کرتے تھے۔ نئی باڈی کیلئے الیکشن ہوئے جس میں نہال صاحب پہلی بار چن کرآئے۔ دوسرے اہم لیڈرس میں عباس علی قاضی ۔ ڈاکٹر شیخ سلیم ۔ ہارون احمد انصاری وغیرہم بھی اس باڈی میں منتخب ہوئے۔ ہارون احمد انصاری صدربلدیہ بنے۔ اس سال بھی صابر ستار ایم ایل اے اور گووند دیشپانڈے ایم پی رہے۔ اسی سال شہر کی پہلی اینگلو اردو ہائی اسکول انجمن ترقی تعلیم کے زیرانصرام آئی اور اے ٹی ٹی ہائی اسکول کہلائی۔
*ریاستی حالات*
ریاست بمبئی کے وزیراعلی مرارجی دیسائی ہی تھے۔ زبان کی بنیاد پر آندھرا پردیش کی تشکیل کے بعد بمبئی میں بھی مراٹھی اور گجراتی زبان کیلئے الگ ریاستوں کے بارے میں ماحول بننے لگا تھا۔
*قومی حالات*
1954 میں بھی پنڈت نہرو اور ڈاکٹر راجندرپرساد بالترتیب وزیر اعظم اور صدرجمہوریہ رہے۔ اسی سال دادرا اورنگرحویلی پرتگیزوں کے قبضے سے آزاد ہوئے جو 1961 میں بھارت کا حصہ بنے۔ 1955 میں ہی فلم فیئر ایوارڈ اور ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ شروع ہوئے۔ اسی سال پہلی بار بھارت رتن دیا گیا۔ راج گوپال اچاریہ ۔ ڈاکٹر رادھا کرشنن اور سی وی رمن پہلے ایوارڈ یافتگان تھے۔
*عالمی حالات*
اسی سال انڈوچائنا جنگ کا خاتمہ ہوا۔ یہ جنگ فرانس اور ویت نام کے درمیان جاری تھی جس میں ویت نام کو فتح ملی اور ویت نام کمبوڈیا اور لاؤس یہ تین ممالک فرانس سے آزاد ہوئے۔ ان تین ممالک پر مشتمل علاقہ انڈوچائنا کہلاتا تھا۔
(جاری ۔ اگلی قسط ۔ سن 1955)
✍🏻 *شکیل حنیف صابر*
(ہمارا مالیگاؤں)
8087003917