جمعہ، 14 مارچ، 2025

*قسط نمبر 8 ۔ سن 1953 ۔ سوانح حاجی حنیف صابر ۔ مع مقامی ریاستی قومی و عالمی تاریخ

1953 میں مندی کے بعد مالیگاؤں دھیرے دھیرے اپنی ڈگر پر واپس آرہا تھا۔ رنگین چلانے والے بہت سارے بنکروں نے سفید کپڑوں کی طرف توجہ مرکوز کرلی تھی۔ حاجی حنیف صابر کے گھر پر بھی نیچے پاورلوم پر رنگین کپڑے بنے جاتے تھے۔ آپ کے والد محمد صابر پہلوان اور چچا محمد عمر  نے رنگین کپڑوں کو ہی ترجیح دی۔ حاجی صاحب چونابھٹی پر پرائمری اسکول میں زیرتعلیم تھے۔ یہاں آپ کی ایک نمایاں اور قابل تقلید خوبی کا ذکر بیجا نہ ہوگا۔ بچپن میں اسکول میں آپ کی دوستی ڈاکٹر الیاس صدیقی صاحب سے ہوئی۔ اسی طرح محلے میں حاجی مرتضی حسن ۔ اقبال احمد ۔ برکت اللہ استاد وغیرہ کئی احباب سے آپ کی دوستی ہوئی۔ عمر کے ابتدائی ایام کے ان دوستوں کا ساتھ آپ نے کبھی نہیں چھوڑا۔ ان تمام کے ساتھ ہمیشہ آپ کے دیرینہ تعلقات رہے۔ حالانکہ بعد میں آپ کی دوستی دوسرے بہت سارے افراد سے ہوئی جن کا ذکر اگلی اقساط میں آئے گا۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ نئے دوست بننے یا ذرا سا کامیاب ہونے کے بعد لوگ پرانے دوستوں کو بھول جاتے ہیں مگر حاجی صاحب نے نئے پرانے تمام دوستوں کے ساتھ رشتے قائم رکھے۔ 

*1953 کا مالیگاؤں*
1953 میں مالیگاؤں کی آبادی 66 ہزار ہوچکی تھی۔ سفید کے کارخانے بننا شروع ہوچکے تھے مگر زیادہ تر کارخانوں میں رنگین ہی جاری تھا ۔ اکثر گھروں کے نیچے چار یا چھ لوم چلا کرتے تھے اور اوپر رہائش ہوتی تھی۔ اس سال آزاد انصاری کی جگہ ڈاکٹر شیخ سلیم صدربلدیہ بنے مگر کچھ مہینوں بعد آزاد انصاری دوبارہ صدربلدیہ بن گئے۔ اس دور میں  عدم اعتماد لانا عام بات تھی۔ اس سال بھی صابر ستار مالیگاؤں کے ایم ایل اے جبکہ گوند ہری دیشپانڈے ایم پی رہے۔

*ریاستی حالات*
ریاست بمبئی میں حسب سابق کانگریس کی حکومت تھی اور اس سال بھی مرارجی دیسائی بامبے اسٹیٹ کے وزیراعلی تھے۔ 

*قومی حالات*
1953 میں پہلی بار زبان کی بنیاد پر کسی ریاست کی تشکیل عمل میں آئی۔ وہ ریاست تھی آندھرا پردیش جو ریاست حیدرآباد  ریاست میسور اور ریاست مدراس کے کچھ علاقوں پر مشتمل تھی۔ اس وقت جواہر لال نہرو وزیراعظم جبکہ ڈاکٹر راجندرپرساد صدرجمہوریہ تھے۔ 

*عالمی حالات*
1953 وہ سال تھا جب دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ کو پہلی بارسر کیا گیا۔ نیوزی لینڈ کے ایڈمنڈ ہیلری اور مقامی شیرپا تینزنگ نارگے وہاں پہنچنے والے معلوم تاریخ کے پہلے انسان تھے۔ 
(جاری ۔ اگلی قسط نمبر 9 ۔ سن 1954)

✍🏻  *شکیل حنیف صابر*
(ہمارا مالیگاؤں)