اتوار، 9 مارچ، 2025

قسط نمبر 6 ۔ سن 1951 ۔ سوانح حاجی حنیف صابر ۔ مع مقامی ریاستی قومی و عالمی تاریخ

محترم قارئین ابھی آپ حاجی صاحب کے بچپن کے بارے میں پڑھ رہے ہیں۔ ان شاء اللہ آگے کی اقساط میں آپ کی حیات کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی ذکر آئے گا۔ 1951 میں آپ پانچ سال کے ہوچکے تھے مگر اس وقت آج کی طرح نرسری یا کے جی میں داخلہ نہیں ہوتا تھا بلکہ چھ سال کی عمر کے بعد ہی پہلی جماعت میں بچوں کو داخل کیا جاتا تھا۔ گویا بچوں کو اپنا بچپن بے فکری سے جینے کا موقع ملتا تھا۔ ناظرہ قران ختم کرنے کیلئے حاجی صاحب کا داخلہ خانقاہ اشرفیہ میں جاری مدرسے میں کرایا گیا۔ قران کی بہت ساری سورتیں آپ کو زبانی یاد تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ گھر میں ہم بچے سبق یاد کرتے ہوئے کوئی غلطی کرتے اور آپ سن لیتے تو فورا اصلاح کیا کرتے تھے۔ میری پھوپھی بتاتی ہیں کہ حاجی صاحب بچپن سے ہی علماء کی صحبت میں رہا کرتے تھے اور آپ کا بیشتر وقت مسجد خانقاہ اشرفیہ میں ہی گزرتا تھا۔ 

*1951 کا مالیگاؤں*
اس سال مالیگاؤں کی آبادی 56 ہزار ہوچکی تھی۔ منگل داس بھاوسار صدربلدیہ تھے۔ اسی طرح خان صاحب عبدالرحیم آزادی سے قبل سے بطور ایم ایل اے نمائندگی کررہے تھے۔ یہ ان کی مدت کا چودہواں اور آخری سال تھا۔ پاورلوم پر رنگین ساڑی بننا شہر کا اہم پیشہ تھا مگر اس سال اس پر مندی کی شروعات ہوچکی تھی۔ 

*ریاستی حالات*
ریاست ممبئی کے وزیراعلی  بالا صاحب کھیر کی مدت کار کا بھی یہ آخری سال تھا۔ ریاست میں انڈین نیشنل کانگریس کی حکومت تھی جبکہ سوشلسٹ پارٹی دوسری بڑی سیاسی جماعت کے طور پر ابھر رہی تھی۔ 

*قومی حالات*
قومی سیاست میں بھی کانگریس کا دبدبہ تھا۔ 1951 کے اواخر میں پہلے پارلیمانی الیکشن کا آغاز ہو چکا تھا مگر بیشتر حلقوں میں پولنگ 1952 کی شروعات میں ہوئی تھی۔ اس وقت ڈاکٹر راجندر پرساد صدرجمہوریہ اور پنڈت نہرو وزیراعظم تھے۔ اسی سال دہلی میں پہلے ایشین گیمس منعقد ہوئے تھے۔

*عالمی حالات*
عالمی منظرنامے پر امریکہ کے ساتھ ساتھ روس بھی دوسرے سپرپاور کے طور پر ابھر چکا  تھا اور دونوں کے درمیان سرد جنگ جاری تھی۔ دنیا دو خانے میں بٹ چکی تھی۔ کچھ ممالک امریکہ تو کچھ روس کے ساتھ تھے۔ آگے چل کر بہت سارے ممالک نے دونوں کی لڑائی سے خود کو لاتعلق بتاتے ہوئے ہوئے ناوابستہ تحریک شروع کی۔ اس تحریک کو شروع کرنے میں  ہمارے ملک کے وزیراعظم جواہر لال نہرو پیش پیش تھے۔ 
(جاری ۔ اگلی قسط نمبر 7 ۔ سن 1952)

✍🏻 *شکیل حنیف صابر*
(ہمارا مالیگاؤں)