اتوار، 9 مارچ، 2025

قسط نمبر 5 ۔ سن 1950 ۔ سوانح حاجی حنیف صابر*مع مقامی ریاستی قومی اور عالمی تاریخ

ہندوستان آزاد تو ہوچکا تھا مگر ہندوستانی دستور 26 جنوری 1950 سے نافذ ہوا۔ اس کے ساتھ ہی وطن عزیز ایک سیکولر جمہوری ملک بن گیا۔ یہ ہندوستانی تاریخ کا اہم موڑ تھا۔ اس وقت حاجی حنیف صابر چار برس کے تھے۔ حاجی صاحب اپنے بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔ بھائیوں میں نہال احمد ۔ اقبال احمد پہلوان ۔ سراج احمد اور ماسٹر اخلاق احمد شامل ہیں۔ اسی طرح بہنوں میں مریم بانو ۔ آمنہ بانو ۔ زلیخہ بانو ۔ شاہدہ بانو اور رضیہ بانو شامل ہیں۔ آپ نے تاعمر بڑے بھائی کا فرض بہترین انداز میں نبھایا۔ اسی طرح آپ کے بھائی اور بہنیں بھی آپ کا ویسا ہی احترام کرتے تھے۔

*1950 کا مالیگاؤں*
آزادی کے بعد پہلے میونسپل الیکشن 1950 میں ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی شہری سیاست نے نئی کروٹ لی۔ خان صاحب اور مولوی صاحب کی جگہ صابر ستار ۔ ہارون انصاری ۔ آزاد انصاری ۔ ڈاکٹر شیخ سلیم ۔ عباس علی قاضی جیسے نئے لیڈرس لینے لگے۔ دسمبر 1950 تک مولوی عبدالرزاق صدربلدیہ رہے۔ 1950 کے الیکشن کے بعد دسمبر 1950 سے 1952 تک منگل داس بھاؤسار شہر کے صدربلدیہ رہے۔ 1950 میں خان صاحب عبدالرحیم ہی ایم ایل اے رہے۔ 1950 میں ہی مستقبل کے عظیم لیڈر اور حاجی حنیف صابر کے سیاسی رہنما ساتھی نہال احمد نے سیاست میں قدم رکھا۔ 1950 میں آپ نے پہلا میونسپل الیکشن لڑا مگر کامیاب نہ ہوسکے۔ اس کے باوجود آپ نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی محنت و لگن سے وہ کامیابی حاصل کی کہ تقریبا نصف صدی تک نہ صرف اس شہر پر آپ چھائے رہے بلکہ ملگ گیر شہرت حاصل کی۔ 1950 میں مالیگاؤں کی آبادی 54000 نفوس پر مشتمل تھی۔ 

 *ریاستی حالات*
آزادی کے بعد پہلے پارلیمانی و ریاستی الیکشن 1952 میں ہوئے تھے۔ 1950 میں بھی بالاصاحب کھیر بامبے اسٹیٹ کے وزیراعلی رہے۔ ہمارا مالیگاؤں بامبے اسٹیٹ میں ہی شامل تھا۔ ریاست کی راجدھانی بامبے شہر تھا جو اب ممبئی کہلاتا ہے۔ بامبے شہر کی بھی دلچسپ تاریخ ہے۔ یہ پہلے پرتگیزوں کے قبضے میں تھا۔ 1662 میں شہزادہ چارلس دوم کی شادی پرتگیز شہزادی کیتھرائن سے ہوئی۔ اس وقت بامبے شہر بطور جہیز شہزادہ چارلس کو دے دیا گیا۔ اس طرح بامبے شہر انگریزوں کے زیرنگیں آیا۔ 

*قومی حالات*
آزادی ملنے کے ڈھائی سال بعد 1950 میں ہمارے ملک کو خود کا دستور اور نظام حکومت مل چکا تھا۔ پہلے الیکشن کی تیاریاں جاری تھیں۔ گورنر جنرل کی جگہ صدرجمہوریہ نے لے لی تھی۔ ڈاکٹر راجندر پرساد ملک کے پہلے صدرجمہوریہ بنائے گئے۔ اس سال بھی جواہر لال نہرو وزیراعظم رہے۔ اسی سال سپریم کورٹ آف انڈیا شروع ہوئی۔ 

*عالمی حالات*
1950 میں شمالی و جنوبی کوریا کے درمیان جنگ شروع ہوئی۔ اسی سال عالمی آبادی پہلی بار تین ارب کے پار ہوئی۔
(جاری ۔ اگلی قسط ۔ سن 1951)

✍🏻 *شکیل حنیف صابر*
(ہمارا مالیگاؤں)