ہفتہ، 1 جنوری، 2022

شان ہند نہال احمد Shaan E Hind Nihal Ahmed

شان ہند نہال احمد مالیگاؤں شہر جنتادل کی صدر ہیں اور مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر بھی فائز ہیں۔ فی الحال آپ وارڈ نمبر 15 نیاپورہ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ آپ کو شہر کی اولین خاتون اپوزیشن لیڈر ہونے کا شرف حاصل ہے۔ آپ مالیگاؤں کارپوریشن میں مہا گٹھ بندھن کی گٹ نیتا بھی ہیں۔

شان ہند سابق ریاستی وزیر اور مہاراشٹر کے نامور اقلیتی لیڈر مرحوم ساتھی نہال احمد اور شہر کی اولین خاتون صدربلدیہ ساجدہ نہال احمد کی دختر نیک اختر ہیں۔ 26 اگست آپ کا یوم ولادت ہے۔ بچپن سے ہی آپ کو سیاسی ماحول ملا۔ اس لئے سیاست کی باریکیوں سے کافی حد تک واقف ہیں۔ آپ نے ایم بی اے کی اعلی ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ایل ایل بی بھی کیا ہے اور ملکی قانون کی کافی جانکاری رکھتی ہیں۔  2007 میں آپ پہلی بار کارپوریٹر بنیں۔ 2019  میں اسٹینڈنگ کمیٹی کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔  آپ شہر کے دو مشہور تعلیمی اداروں جمہور اسکول اور ٹی ایم اسکول سے بھی وابستہ ہیں اور انجمن تعلیم جمہور اور تعلیمی مرکز کی سکریٹری ہیں۔ آنگن واڑی سیویکاؤں اور خواتین و بزرگوں کے مسائل کے ساتھ ساتھ دیگر شہری مسائل کے حل کیلئے بھی آپ کوشاں رہتی ہیں۔ شہری مسائل کے ساتھ ساتھ قومی و ملی مسائل پر بھی آپ کی گہری نظر ہوتی ہے۔ این آرسی کے خلاف خواتین کی تاریخی ریلی کی قیاذت کرچکی ہیں۔ 

اتنی کم عمر میں اور ایک خاتون کے ذریعے اتنی ساری ذمہ داریوں کو ادا کرنا قابل ذکر ہے۔ بالخصوص آپ کے بھائی اور جنتادل کے صدر ساتھی بلند اقبال کے انتقال کے بعد آپ نے پارٹی کو نہ صرف سنبھالا بلکہ اپنے خاوند مستقیم ڈگنٹی اور پارٹی کے دیگر اراکین کے ساتھ مل کر اسے وسعت دینے اور عوامی حلقوں تک پہنچانے کی کامیاب کوشش بھی کررہی ہیں۔ آپ کی رابطہ آفس جونا آگرہ روڈ پر واقع ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں