محمد مستقیم محمد مصطفیٰ ڈگنٹی مالیگاؤں شہر جنتادل کے سکریٹری ہیں۔ آپ یکم جون 1981 کو مالیگاؤں میں پیدا ہوئے۔ آپ نے ڈی بی ایم کرنے کے ساتھ ساتھ وکالت کی ڈگری بھی حاصل کی ہے۔ کے جی سے بارہویں تک تعلیم اے ٹی ٹی کیمپس سے حاصل کی۔ سٹی کالج سے بی کام کرنے کے بعد ایم ایس جی کالج سے ڈی بی ایم کیا۔ بعد ازاں کے بی ایچ لاء کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔ اسکول کے زمانے سے ہی آپ جنتادل کے سابق صدر مرحوم بلند اقبال کے جگری دوست رہے ہیں۔ 2004 کے اسمبلی الیکشن سے آپ ساتھی بلند اقبال کے ساتھ سیاست میں سرگرم ہوئے۔ 2007 میں مہاڈا پلاٹ علاقے سے جنتادل کے ٹکٹ پر آپ نے پہلی بار الیکشن لڑا جس میں کانگریس کے عرفان علی کامیاب رہے۔ ساتھی بلند اقبال کے انتقال کے بعد 2020 میں ہوئے ضمنی الیکشن میں آپ نے اسلامپورہ وارڈ نمبر 12 سے قسمت آزمائی اور تاریخ رقم کرتے ہوئے سات ہزار تین سو ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ یہ مالیگاؤں میونسپل تاریخ کی سب سے زیادہ ووٹوں سے جیت تھی جس میں تمام مخالف امیدواروں کی ضمانت ضبط ہوگئی تھی۔ آپ کی شادی ساتھی نہال احمد کی دختر نیک اختر اور جنتادل کی موجودہ صدر شان ہند نہال احمد کے ساتھ ہوئی۔ ساتھی نہال احمد اور ساتھی بلند اقبال کے انتقال کے بعد آپ نہ صرف نہال احمد فیمیلی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہے بلکہ شان ہند اور جنتادل کے دیگر اراکین کے ساتھ مل کر پارٹی کو بہترین انداز میں سنبھالا ہے۔ 2019 اسمبلی الیکشن میں مفتی محمد اسمعیل کی کامیابی میں آپ کی کامیاب حکمت عملی کا بھی بڑا ہاتھ رہا۔ آپ کی تحمل مزاجی ٰ بردباری ٰ چھوٹے بڑے ہر ایک سے ملنے اور ہر ایک کے کام کیلئے فوراٌ کھڑے ہوجانے کی عادت نے لوگوں کو کافی متاثر کیا ہے۔ بدعنوانی کے خلاف آپ کافی سرگرم رہتے ہیں۔ جارحانہ فرقہ پرستی اور دیگر قومی و ملی مسائل کے خلاف نہالی انداز میں تحریک چلاتے رہتے ہیں۔ آپ کلین مالیگاؤں مہم اور جنتا اگینسٹ کرپشن کے کنوینر ہیں۔ اسی طرح ساتھی گروپ کے کوآرڈینیٹر اور مہا گٹھ بندھن کے رابطہ کار بھی ہیں۔ جمہور ہائی اسکول اور ٹی ایم ہائی اسکول کی انتظامیہ میں شامل ہیں۔ اسکول بورڈ کے بھی ممبر رہ چکے ہیں۔ فی الحال مالیگاؤں کارپوریشن اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن ہیں۔ شہیدوں کی یادگار کے قریب مالیگاؤں کے شہدائے آزادی کی یاد میں دستور کی تمہید سے مزین اشوک استمبھ کی تعمیر آپ کے ذریعے ہی ہوئی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں