جمعرات، 13 فروری، 2025

صلاة التسبیح کا طریقہ

صلاة التسبیح کا احادیث میں کافی ثواب منقول ہے۔ اس کے پڑھنے سے بے انتہا ثواب ملتا ہے۔ ہمارے نبی حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے چچا حضرت عباس رضی اللہ تعالی عنہ کو یہ نماز سکھائی تھی اور فرمایا تھا کہ اس کے پڑھنے سے تمھارے سبھی گناہ اللہ تعالیٰ معاف کردیں گے۔ اور فرمایا کہ اگر ہوسکے تو یہ نماز روزانہ پڑھ لیا کرو اور اگر نہ ہوسکے تو ہرہفتہ میں ایک بار پڑھ لیا کرو، یہ نہ ہوسکے تو مہینہ میں ایک بار پڑھ لیا کرو، یہ بھی نہ ہوسکے تو سال بھر میں ایک دفعہ پڑھ لیا کرو، اور ا گر یہ بھی نہ ہوسکے تو کم ازکم زندگی بھر میں ایک بار ضرور پڑھ لو۔ 

طریقہ 
 
نیت باندھ کر ثنا کے بعد پندرہ مرتبہ یہ تسبیح پڑھے۔

"سُبْحَانَ اللّٰہِ وَالْحَمدُلِلّٰہِ وَلَاإلٰہَ إلَّاإللّٰہ ُوَاللّٰہ ُأکْبَرُ"

 پھر اعوذ باللہ اور بسم اللہ اور قرأت کے بعد رکوع سے پہلے دس مرتبہ، پھر رکوع میں دس مرتبہ، پھر رکوع سے کھڑے ہوکر دس مرتبہ، پھر سجدہ میں دس مرتبہ پھر سجدہ سے اٹھ کر دس مرتبہ پھر سجدہٴ ثانیہ میں دس مرتبہ پڑھ کر اللہ اکبر کہہ کر کھڑا ہوجائے تو ایک رکعت میں ۷۵ مرتبہ ہوگئے۔ اسی طرح چاروں رکعت پوری کرے کل ۳۰۰ مرتبہ ہوجائیں گے۔