اردو کی ترقی سے ہمیں خوش ہونا ہے لیکن مطمئن نہیں : ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین
اردو کے اساتذہ، طلبہ، محققین، ناقدین، ادباء و شعراء کو جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے کے مقصد سے اردو ذریعہ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے عنوان سے ایک بامقصد اور پُروقار ویبنار کا
انعقاد مہاتما گاندھی ودیا مندر کے زیر انصرام جاری آرٹس کامرس اینڈ سائنس کالج مالیگاؤں سٹی میں مورخہ 18 فروری 2021 بروز جمعرات کو کیا گیا ـ جس کی صدارت کالج کے وائس پرنسپل ڈاکٹر عارف انجم سر نے کی ـ مہمان خصوصی کے طور پر ڈاکٹر وی ایس مورے سر اور مقرر خصوصی کی حیثیت سے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین صاحب نے شریک ہوئے ـ اپنی مخاطبت میں خواجہ صاحب نے اردو ذریعہ تعلیم اور اردو زبان کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی ابتدائی کوششوں سے اپنی گفتگو کا آغاز کیا اور بتدریج مختلف ویب سائٹس، سوفٹویر اور اپلیکشن کی معلومات فراہم کی، جسے حاضرین نے پوری دلجمعی کے ساتھ سنا ـ خواجہ صاحب نے اردو کی ترویج و اشاعت اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے حکومتی اداروں پر انحصار نہ کرتے ہوئے انفرادی کوششوں سے شروعات کرنے کی ترغیب دی ـ اردو کے کاز کے لئے کام کرنے والے مختلف اداروں کی خدمات کا جائزہ پیش کیا ـ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور اردو کے عنوان پر کافی کام ہوا ہے لیکن ابھی کام باقی ہے ـ اس سمت میں اردو زبان کی پیش رفت پر ہمیں خوش تو ہونا ہے لیکن مطمئن ہوکر بیٹھ نہیں جانا ہے ـ بلکہ آگے بڑھتے جانا ہے ـ مہمان خصوصی ڈاکٹر وی ایس مورے سر نے بھی اردو زبان کی مٹھاس، اس کی چاشنی اور عالمگیریت پر گفتگو کی ـ اس ویبنار میں ملک کے طول و عرض سے اساتذہ، ریسرچ اسکالرس ،طلبہ اور ادب نواز افراد نے شرکت کی ـ پروگرام کے اختتام پر حاضرین کے تاثرات بھی لئے گئے ـ تمام شرکاء کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد عبدل سمیع صدیقی، ڈاکٹر عابد حسین،پروفیسر اسرار احمد، ڈاکٹر عشرت ناہید، ڈاکٹر مسرت فردوس نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ـ ویبنار کے لئے ایک عمدہ موضوع اور بہترین مقرر کے انتخاب پر، ویبنار کے کامیاب شروع انعقاد پر جملہ منتظمین کو مبارکباد دی اور مستقبل میں اس طرح کے بامقصد پروگرام میں اپنے تعاون کا یقین دلایا ـ اس ویبنار میں پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ انصاری نے اغراض و مقاصد، مقرر خصوصی کا تعارف اور رسم شکریہ ادا کی ـ پروفیسر شکیب احمد نے جملہ حاضرین کے لئے خیرمقدمی کلمات ادا کئے ـ ڈاکٹر عارف انجم سر نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا ـ پروفیسر مبین نذیر نے ویبنار کی نظامت کے فرائض انجام دئیے ـ مذکورہ پروگرام کو اس لنک پر کلک کرکے دیکھا جاسکتا ہے ـhttps://youtu.be/kTnpv_WMb3w