جمعہ، 19 جون، 2020

بڑھتے جرائم پر وزیر داخلہ کو ای میل

 شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کیلئے مجلس رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی صاحب کی وزیر داخلہ انیل دیشمکھ صاحب سے فون پر بات چیت اور ای میل روانہ


(مراسلہ) مجلس رکن اسمبلی قائد و سالار مفتی محمد اسماعیل قاسمی صاحب نے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ سے فون پر تفصیلی گفتگو کی  اور شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ گزشتہ کئی سالوں سے شہر میں قتل و غارت گری اور لوٹ مار کے واقعات بڑھتے
جارہے ہیں۔ آئے دن قتل کے واقعات سننے کو ملتے ہیں اور ہتھیاروں کے بل پر لوٹ مار اور چوری کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہو رہاہے جس کی وجہ سے شہر میں تشویش اور بے چینی  کا ماحول ہے۔ کتا گولی اور دیگر نشہ آور چیزیں باہر سے لاکر فروخت کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے ۔ گزشتہ دنوں شبیر نگر سے وسیم نامی مجرم کو کتا گولی اور نشیلی ادویات کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے اس سے پہلے بھی اس نوجوان کو گرفتار کیا گیا تھا اور یہ نوجوان سابق آمدار کا قریبی بتایا جا رہا ہے جس کی تصویر سابق آمدار کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل بھی  ہوئی تھی۔ مجرموں پر پولیس کی گرفت نا ہونے اور سخت کارروائی نا ہونے کی وجہ سے ہسٹری شیٹر عادی مجرموں کے حوصلے بلند ہیں۔ لاکھوں کی آبادی والے شہر میں عادی مجرم جن کی تعداد ایک فی صد بھی نہیں ہے، شہر امن پسند عوام کیلئے سر درد بن گئے ہیں۔بندوق، تلوار اور چاپڑ جیسے ہتھیاروں کا استعمال کھلے عام ہو رہا ہے۔ چند مہینے قبل سیاسی رقابت کے چلتے پروفیسر رضوان خان کے گھر پر بندوق سے قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا پولیس نے کارروائی کرکے  ماسٹر مائنڈ سمیت غنڈوں کو گرفتار بھی کیا تھا وہیں رمضانی مسجد اور معہد ملت مدرسے کے پاس غنڈوں کی ٹولی نے بندوق اور تلوار کا کھلے عام استعمال کرکے امن پسند عوام کو دہشت زدہ کرنے کی کوشش کی۔
 مفتی صاحب نے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کے سامنے شہر کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال بیان کی  اور  مطالبہ کیا کہ وزارت داخلہ مالیگاؤں کی پولیس کو غنڈوں کے خلاف سخت کارروائی کے فوری احکامات جاری کرے تاکہ شہر میں امن و امان کی فضا قائم ہو اور عوام بلا خوف و خطر اپنی زندگی گزارے۔ وزیر موصوف نے تمام باتوں کو سننے کے بعد عمل آوری کا تیقن دیا اور  متعلقہ محکمے کو حکم نامہ  جاری کرتے ہوئے مالیگاؤں میں لاء اینڈ آرڈر کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔


منجانب : قائد و سالار گروپ