موبائل کے سحر نے ہم سب کو انجانے طور پر اپنی مضبوط گرفت میں لے لیا ہے۔ کوئی لاکھ انکار کرے لیکن ہم میں سے بیشتر افراد موبائل کے غلام بن چکے ہیں۔ محفل ہو یا تنہائی ہر ایک دو منٹ پر موبائل چیک کرنا معمول بن چکا ہے۔ دوستوں میں بیٹھے ہیں اور موبائل میں مگن ہیں۔ بیوی کروٹیں بدل رہی ہے اور ہم رات ختم ہونے سے قبل ویب سیریز مکمل کرنے کے فراق میں ہیں۔ ہم خاتون ہیں تو شوہر کی دلجوئی سے زیادہ ہمیں پاکستانی ڈراموں سے پیار ہے۔ سوشل میڈیا اور وہاٹس ایپ نے ہمیں اپنوں سے دور کردیا ہے۔ پاس بیٹھے بیوی بچے شوہر ساس سسر بہن بھائی ماں باپ ہماری ایک نظر کرم کے متلاشی ہوتے ہیں اور ہم ہزاروں میل دور انجان دوستوں کو منانے میں لگے ہوتے ہیں۔ وہاٹس ایپ کے ہر گروپ کا ہر میسیج پڑھنا لازمی سمجھا جارہا ہے۔ کوئی سوشل میڈیا پر نہیں تو یوٹیوب چلانے ۔ گیم کھیلنے یا فلمیں دیکھنے میں مگن ہے۔ اگر غور کریں تو یہ موبائل ہمارا روزانہ کا بیشنر وقت اپنے نام کرچکا ہے۔
ایسا نہیں کہ ہم اس سے دور نہیں ہونا چاہتے مگر ایک لت سی لگ جاتی ہے۔ لت حد سے بڑھ جائے اس سے پہلے وقفہ لیں۔ سوچیں نہیں کرگزریں۔ ہفتے یا مہینے میں ایک دن دو دن یا جتنا ہوسکے موبائل کا استعمال ترک کردیا کریں تاکہ اس کی لت نہ لگے۔ بہت ہوا تو کچھ ضروری پیغامات نہیں مل پائیں گے مگر موبائل ہمارے کنٹرول میں رہے گا۔ کوشش کریں کہ مثبت کاموں کیلئے اس کا استعمال ہو۔ ضرورت بھر استعمال فائدہ مند ہے بلکہ ضروری بھی ہے۔ کچھ پڑھنا ہو یا لکھنا ہو تو ٹھیک ہے۔ کچھ ضروری ایپس کا استعمال کرنے کیلئے فون ضرورت بن گیا ہے۔ اتنا سمجھا جاسکتا ہے لیکن موبائل کو خود پر حاوی نہ ہونے دیں۔ موبائل کی دنیا سے باہر نکل کر دیکھیں۔ خاندان ۔ رشتے دار ۔ دوست و احباب سے ملیں۔ باتیں کریں۔ گھومیں پھریں۔ یہ دنیا بہت خوبصورت ہے۔ ویسے یہ پوسٹ بھی موبائل میں لکھ رہا ہوں۔ لکھ کر اور فارورڈ کرکے بس موبائل رکھنا ہی ہے۔ آپ اسے لائک کریں نا کریں۔ فارورڈ یا شیئر کریں نا کریں لیکن آئیں اب موبائل رکھ کر تھوڑا باہر کی دنیا دیکھیں۔ ہمارے رشتے ۔ ہمارے ساتھی اور یہ دنیا سب ہی بہت خوبصورت ہیں۔
✍🏻 شکیل حنیف۔ ہمارا مالیگاؤں
آج کی بات ۔ پوسٹ نمبر 1545
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں