منگل، 8 دسمبر، 2020

خلوص اور خدمت کی اعلی مثال (واقعہ نمبر 150)

یہ واقعہ لکھنے کے بعد جب میں نے پڑھا تو میری آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔

بہت ہی عزت اور احترام کے ساتھ میں یہ واقعہ قلم بند

کر رہا ہوں۔

میں ایک اسکول میں موٹیویشنل لیکچر لینے کے لیے گیا تھا۔


چوں کہ طویل پروگرام تھا اس لیے میں نے سوچا کہ فریش ہو لیتا ہوں۔ اسکول کے ایک ٹیچر ٹوائلیٹ تک میری رہنمائی کرنے کے لیے ساتھ ہو لیے۔


وہاں پہنچنے کے بعد ایک عجیب بات ہوئی۔ اس سے پہلے کہ میں ٹوائلیٹ میں داخل ہوتا، میزبان سر سرعت کے ساتھ خود ہی اندر چلے گئے۔ مجھے عجیب لگا۔ پھر میں نے سوچا کہ شاید سر کو زیادہ ضرورت ہوگی۔


لیکن یہ کیا، اندر جانے کے بعد انہوں نے دروازہ بند نہیں کیا اور آدھے منٹ میں ہی باہر آگئے اور بولے کہ سر اب آپ جائیے۔


اندر جانے کے بعد میں سمجھ گیا کہ سر نے اندر جاکر اپنے ہاتھوں سے ٹوائلیٹ دھویا اور صاف کیا۔


یا اللہ، مہمان کی ایسی عزت اور خدمت۔


جب تک ایسے مخلص، شریف، ایمان دار اور با اخلاق اساتذہ موجود ہیں، ملک و قوم کا مسقبل شاندار بننے کے امکانات موجود ہیں۔



میں سر کے خلوص، نیک نیتی، شریف النفسی اور مہمان نوازی کا معترف ہوگیا۔


اللہ پاک ہمیں بھی ایسا خلوص اور جذبہ مرحمت فرمائے۔ امین۔


عبدالماجد انصاری، 

وائس پرنسپل،

مہاراشٹر کالج