ماں جھوٹ بول بول کے جنت میں جائے گی
کھانا ہمیشہ وقت سے پہلے پکائے گی
ہاتھوں سے اپنے سب کو نوالے کھلائے گی
بچوں سے یہ کہے گی "مجھے بھوک ہی نہیں"
بھوکی رہے گی پھر بھی بہانے بنائے گی
کھانا اگر بچے گا تو آخر میں کھائے گی
ماں جھوٹ بول بول کے جنت میں جائے گی
تہوار ہو تو جائے گی لوگوں کے پاس یہ
لائے گی اپنے بچوں کی خاطر لباس یہ
ہونے نہ دے گی اوروں کو احساس کرب کا
اپنی تمام خواہشیں دل میں دبائے گی
ماں جھوٹ بول بول کے جنت میں جائے گی
بیمار ہو تو درد چھپاتی رہے گی یہ
اور خود کو تندرست بتاتی رہے گی یہ
کوشش کرے گی خوش نظر آنے کی ہر گھڑی
لہجے کوبھی شگفتہ بناتی رہے گی یہ
جب بھی نظر ملائے گی یہ مسکرائے گی
ماں جھوٹ بول بول کے جنت میں جائے گی
غربت میں کب یہ چین سے سوئے گی رات بھر
بستر میں منہ چھپا کے یہ روئے گی رات بھر
اللہ سے دعاؤں میں مانگے گی سب کا سکھ
تکیے کو آنسوؤں سے بھگوئے گی رات بھر
سوجی ہوئی نگاہوں کو سب سے چھپائے گی
ماں جھوٹ بول بول کے جنت میں جائے گی
بیٹے گئے جو دور تو دے گی دعائیں خوب
تصویر ان کی دیکھ کے لے گی بلائیں خوب
خط میں لکھے گی میں یہاں بالکل مزے میں ہوں
ہر دم دعا کرے گی کہ بیٹے کمائیں خوب
بیٹوں کا خط نہ آئے مگر یہ سنائے گی
ماں جھوٹ بول بول کے جنت میں جائے گی
بیٹے بھلے ہی لاکھ ستاتے رہیں اسے
اعمال ان کے خون رلاتے رہیں اسے
بیوی کے ناز نخرے اٹھانے کے شوق میں
تا عمر بے وقوف بناتے رہیں اسے
ہر حال میں انہیں بہت اچھا بتائے گی
ماں جھوٹ بول بول کے جنت میں جائے گی
✒ فرحان دِل ـ مالیگاؤں ـ
📞 9226169933
فرحان دل کو نظم پڑھتے ہوئے دیکھنے کیلئے ویڈیو پر کلک کریں۔
فرحان دل کو نظم پڑھتے ہوئے دیکھنے کیلئے ویڈیو پر کلک کریں۔
بہت بہت شکریہ میرے محترم جناب شکیل حنیف صاحب
جواب دیںحذف کریںجزاک اللہ خیرا
آمین
جواب دیںحذف کریں