05 مئی 2019

کس نے لکھی ہے کہانی ظلم کی ایجاد کی

کس نے لکھّی ہے کہانی ظلم کی ایجاد کی
نسلِ آدم کاٹتی ہے فصل آدم زاد کی

جو مرا کچھ بھی نہ تھا اس نے مری امداد کی
اس جگہ سے کچھ نہ پایا جس جگہ فریاد کی

ہم نے دیکھا ہی نہیں چہرہ کبھی تعبیر کا
خواب کے پیچھے ہی ساری زندگی برباد کی

جس کو چاہا عمر بھر وہ مل نہیں پایا مجھے
ہے مری قسمت میں جیسے بے بسی شداد کی

کام کر لیکن تُو دنیا سے توقع مت لگا
وہ اندھیرے میں ہے جس نے روشنی ایجاد کی

چاہتا تھا وہ غلام آزاد کرنے کا ثواب
ایک تتلی اس نے پکڑی اور پھر آزاد کی

جو وفا ہم کر نہ پائے ایک دوجے سے کبھی
میں نے اس کے بعد کی اور اس نے میرے بعد کی

انگلیوں پر ناچتی ہے ایک لڑکی عمر بھر
باپ کی، بھائی کی، پھر شوہر کی،پھر اولاد کی

وہ بھی آخر آگئی اک دن جہاں کی آنکھ میں 
سب سے ہٹ کر دل نے جو دنیا نئی آباد کی

🖋فرحان دِل ـ مالیگاؤں ـ
📞 9226169933

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں