ہمارا مالیگاؤں کے دس سال مکمل ہونے پر گروپ ممبر اور مشہور تعلیمی و سماجی شخصیت یاسین اعظمی کے تاثرات
تخیل کی موجوں کو گردش میں رکھ
ہنر اپنا اہل ستائش میں رکھ
نئی نسل کو کوئی رستہ ملے
نئے تجربے اپنی کاوش میں رکھ
"سوشل میڈیا " واٹس اپ، فیس بک اور بلاگ پر کامیابی و کامرانی کے دس سال مبارک ہوں _
محترم شکیل حنیف صاحب!!! کوششوں و کاوشوں کی پزیرائی کامیابی و کامرانی کا تمغہ امتیاز ہے_ آپ کی مستقل مزاجی، معاملہ فہمی اور ترسیلات کے ساتھ اراکین کے انتخاب میں آپ بصیرت و ذہانت کا قائل ہوں _
محترم !!!!
"سوشل میڈیا" وہ میدان ہے جہاں الگ الگ فکر و مزاج کے لوگ ہوتے ہیں انھیں فکر و نظر کے اختلاف کے باوجود اکٹھا رکھنا کار دارد ہے مگر آپ کی معاملہ فہمی اور حسن تدبر نے سب کو ایک لڑی میں پروئے رکھا ہے _
میں آپ کے طالب علمی کے زمانے کی کوششوں کا گواہ ہوں _ امن چوک سے قریب تختہ سیاہ پر آپ کی عام معلومات کے جواہر پارے پڑھتا رہا ہوں _ اخبارات (خیر اندیش) میں شائع آپ کے معلوماتی مراسلے، مختصر معلوماتی تراشےاور گاہے بگاہے انعامی مقابلوں کے جوابات وغیرہ سے بھی آگاہی رہی ہے _شہر عزیز کی معروف شخصیات کا تعارف، منفرد کارناموں کی تشہیر و دیگر سرگرمیاں اظہر من الشمس ہیں، لائق ستائش ہیں _ ان سرگرمیوں کو منظم کرنے، شہر کے منفرد کارناموں کو منصہ شہود پر لانے اور سوشل میڈیا کے ذریعے اس کی ترسیل واشاعت کے لیے آپ کا "ہمارا مالیگاؤں __مورا مالیگاؤں" کا پلیٹ فارم ہمیشہ تازہ دم نظر آتا ہے _گزشتہ کئ سالوں سے واٹس اپ گروپ کے توسط سے آپ کی رفاقت میسر ہے _
میری دعا ہے کہ حوصلوں کا یہ سفر جاری رہے، آپ کا عزم بلند رہے، کوششوں اور کاوشوں کی کہکشاں روشن و منور رہے _اس پلیٹ فارم سے نا صرف ذوق و شوق کی تکمیل ہو بلکہ مقاصد کی باریابی بھی ہو _
شریکِ مسرت : اعظمی محمد یاسین محمد عمر 🌹🌹🌹🌹
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں